کاروار:29؍نومبر(ایس اؤ نیوز) جو کوئی پارٹی کے لئے محنت نہیں کرے گا انہیں گھر بھیج دیا جائےگا، نچلی سطح پر عہدیداران کو بدلا جائے گا۔ اترکنڑا ضلع میں کانگریس بہت مضبوط تھی اب صرف ایک رکن اسمبلی ہے۔ یہ سب کیوں ہوا؟ کیسے ہوا؟ اس کا احتساب کیاجائے گا۔ اسی مقصد کو لےکر میں نے اترکنڑا ضلع کا دورہ کیا ہے، یہ بات کانگریس کے ریاستی صدر ڈی کے شیوکمار نے کہی۔
کالی ریور گارڈن کے قریب اخبارنویسوں سے بات چیت کرتےہوئے ڈی کے شیوکمار نے کہاکہ اترکنڑا ضلع سمیت ہر جگہ کانگریس پارٹی کی مضبوطی اور استحکام کا مقصد لےکر دورے کئےجارہےہیں۔ پارٹی کی کامیابی کے لئے اور پارٹی کو مضبوط کرنے کے لئے جو کارکنان کام نہیں کریں گے ان سب کو گھر بھیجا جائے گا۔ بوتھ سطح پر ، پنچایت ، تعلقہ اور ضلع سطح پر جو جو کام کریں گے ان سب کاپارٹی احترام کرے گی اور انہیں نوازے گی۔ نچلی سطح سے عہدوں میں تبدیلی کی جائے گی ۔ ضلع میں کانگریس کی حالت پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم کہاں ناکام ہوئے ہیں، کہاں کمزور ہیں، لیڈران اور کارکنان کے تعلقات کیسے ہیں ان سب کے متعلق سوچ بچار کرتے ہوئے پارٹی کو منظم کرنے پر زور دیا جائے گا۔
چھوڑ جانے والے بھگتیں گے: ہمارے ساتھ رہنے والے کچھ لوگ بی جےپی میں چلے گئے ہیں، وہی جب ہمارے پاس تھے تو جو کچھ ہم نے سہا ہے وہی سب کچھ بی جےپی والے برداشت کررہے ہیں، لیکن ہم لوگ بی جےپی کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی نہیں کریں گے۔
ڈی کے شیوکمار نےکہاکہ ہمیں پہلے اپنا گھر صحیح کرنا ہے ، اسی کے لئے پوری ریاست کا دورہ شروع کیا ہوں، گرام، تعلقہ، ضلع پنچایت سمیت کئی ضمنی انتخابات ہونےو الے ہیں، جس کے لئے ہمیں تیاری کرنی ہے ، اسی لئے ہر ضلع کا دورہ کرتےہوئے لیڈران ، کارکنان سبھی سے ملاقات کرتےہوئے حالات کی جانکاری لے رہاہوں۔ جب ہماری حکومت تھی تو اترکنڑا ضلع میں بے شمار ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔ فی الحال یہاں کانگریس کمزور ہے اس سلسلےمیں آئندہ دنوں میں کیا کچھ کرنا ہے اس تعلق سے غور کرنے کی بات ڈی کے شیوکمار نے کہی۔ اس موقع پر سابق ارکان اسمبلی ستیش سئیل ، منکال وئیدیا، ضلع کانگریس صدر بھیمنانائک، سائی گاونکر، کرشنا گوڈا وغیرہ موجود تھے۔